پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا،حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، میئر جماعت اسلامی کا بنے گا، کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے ۔سپریم کورٹ رجسٹری کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے، پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرِ سماعت ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے، یہ خراب پلانٹ چلاتے ہیں، یہ اس لئے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 2015 میں ہیٹ ویو میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، یہ کراچی ہے جو ملک کی معیشت چلاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف ایک ہی پارٹی ہے، سپریم کورٹ سے بڑی چیز ملک میں کوئی نہیں، نیپرا کی ہر سماعت میں صرف جماعت اسلامی شریک ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں