سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف سماعت بینچ کی عدم دستیابی کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میںسپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل2023کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت بینچ کی عدم دستیابی کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطابندیال کی سربراہی میںجسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحیدپر مشتمل آٹھ رکنی لارجر بینچ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کے خلا ف دائر درخواستوں پردن سوا 12بجے سماعت کرنا تھی۔ تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس شاہد وحید کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔گئی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان،راجہ عامر خان،چوہدری غلام حسین،محمد شافع منیر ایڈووکیٹ، زمان خان وردگ،غلام محی الدین،محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ،محمد شاہدرانا ایڈووکیٹ، مدثر حسن جوڑا اورنیاز اللہ خان نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔ درخواست گزاروں نے اپنی درخواستوں میں سیکرٹری وزارت قانون وانصاف کے توسط سے وفاق پاکستان اوردیگر کو فریق بنایا ہے۔ عدالت کی جانب سے درخواستوں پر اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔


