حساس دستاویزات کاغلط استعمال ،سابق امریکی صدر ٹرمپ پر دوسری بار فرد جرم عائد

واشنگٹن(صباح نیوز) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پرحساس سرکاری دستاویزات کو غلط طریقے سے استعمال کرنے کے کیس میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔ڈونلڈ ٹرمپ پر کرمنل چارجز عائد کیے جانے کا یہ دوسرا موقع ہے ۔ اس سے پہلے نیویارک کی ریاستی عدالت میں ٹرمپ پر 2016 میں خفیہ رقوم کی ادائیگیوں سے متعلق جھوٹے کاروباری ریکارڈ سے متعلق فرد جرم عائد کی گئی تھی۔امریکا کی پوری تاریخ میں ڈونلڈ ٹرمپ واحد صدر ہیں جن پر فوجداری الزامات عائد کیے گئے ۔تاہم سابق امریکی صدر نے دونوں مقدمات میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی کام کے ارتکاب سے انکار کرتے ہوئے اپنی ذاتی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پرلکھا۔ بدعنوان بائیڈن انتظامیہ نے میرے وکلا کو آگاہ کیا ہے کہ مجھ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ مجھے آئندہ ہفتے میامی کی وفاقی عدالت میں پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔ٹرمپ نے اپنے ساتھ روا سلوک کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ امریکا کے سابق صدر کے ساتھ ایسا کچھ ہوسکتا ہے،میں بیگناہ ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہیں، تمام ری پبلکن امیدواروں میں سابق امریکی صدر سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں