بلوچستان میں میرٹ پر روزگار کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کی جائیگی، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (این این آئی) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں عوامی ضروریات کے حامل منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، صوبائی حکومت مالی مشکلات کے باوجود بہترین حکمت عملی سے کام لے رہی ہے۔ میرٹ پر روزگار کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ جن محکموں کے ٹیسٹ و انٹرویو اپریل تک مکمل ہو چکے تھے ان کو بھرتی کے آرڈر جاری کیے جائیں۔ ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ اب عوامی منصوبوں افتتاح عوام خود کریں گے، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کا حق عوام کو حاصل ہے جو کے عوام کے اپنے منصوبے ہیں ان پر کریڈٹ لینے اور غیر ضروری اخراجات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ عوام کی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ پر عزم رہیں گے۔ مشکلات و محدود وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔ بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد کرتے ہوئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں