طوفان بپرجوائے کراچی سے 300 کلو میٹر دور، تعلیمی سرگرمیاں معطل
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سمندری طوفان بپرجوائے کراچی کے جنوب میں 300 کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں 290 کلو میٹر دور ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان آج رخ بدلتے ہوئے شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔یہ طوفان کل (15 جون کی) دوپہر یا شام پاکستان میں کیٹی بندر کے اطراف اور بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔طوفان کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ان ہواؤں کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ یا زائد بھی ہو سکتی ہے۔کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔شہرِ قائد میں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 25 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سمندری طوفان بپرجوائے کے ممکنہ اثرات و خطرے کے پیشِ نظر کمشنر کراچی کے احکامات پر شہر بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔وفاقی اردو یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق جامعہ اردو میں تمام کلاسیں، امتحانات اور تعلیمی سرگرمیاں آج معطل رہیں گی۔کراچی یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق جامعہ کراچی میں آج تدریسی عمل اور امتحانات معطل کر دیے گئے ہیں۔انٹر میڈیٹ بورڈ کے حکام کے مطاق انٹر میڈیٹ بورڈ کے تحت آج 14 جون اور کل 15 جون کو ہونے والے پرچے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، ملتوی کیے گئے ان پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے حکام کے مطابق میٹرک بورڈ کے تحت 14 اور 15 جون کو ہونے والے خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں، ملتوی کیے گئے ان پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔کراچی بھر میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث پہلے ہی بند ہیں۔شہرِ قائد میں سمندر کے کنارے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے۔


