اپوزیشن جماعتوں کوفنڈز کی بجائے عوامی مسائل پر احتجاج کرنا چاہیے تھا، علی مدد جتک

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے فنڈز کی بجائے بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی،بے روزگاری جیسے اہم مسائل پر احتجاج کرنا چاہیے تھا،بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کی وجوہات پر تعجب ہوا عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں لیکن اراکین اسمبلی کو فنڈز حاصل کر نے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام عوامی مسائل پر احتجاج کرنا ہے لیکن یہ سن کر تعجب ہوا کہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے فنڈز کے حصول اور پی ایس ڈی پی کے لئے کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کی موجودگی میں احتجاج کیا گیا ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اپوزیشن کے اراکین بلوچستان کے عوام کے لئے بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے احتجاج کر تے لیکن شاید انہیں پی ایس ڈی پی عوام سے زیادہ عزیز ہے جس کے لئے انہوں نے احتجا ج کیا، انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں افراتفری کی بجائے کورونا وائرس کے خلاف متحد ہوکر یکجہتی کا پیغام دینا چاہیے لیکن کوئٹہ میں جو کچھ ہوا اسے دیکھ کر حیرانگی ہوئی امید ہے کہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے اور اپنے فنڈز کی بجائے عوام کے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کریں گے انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران سریاب پسماندہ تر ہوگیا ہے یہاں کے منتخب نمائندے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں عوام ان سے مطالبہ کر رہے ہیں وہ فنڈز کے حصول کے بجائے انکے لئے بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لئے احتجا ج کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں