گزشتہ ایک سال پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان ضرور جناح کا پاکستان بنے گا، شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی مجھے 4 سال جیلوں میں گھماتے رہے، ثبوت تھے تو سامنے لے آتے، گزشتہ ایک سال پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش اور سازشیں کی گئیں۔مارگلہ ایونیو کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں ایک خطا کار انسان ہوں، حوصلہ افزائی اور ہمت افزائی کرنے پر رانا ثنا اللہ کا شکر گزار ہوں، پاکستان ضرور قائد کا پاکستان بنے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال طوفانی سال رہا جس میں پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی، سازشیں کی گئیں، امریکا نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، بالآخر 9 مئی کو ان کی سازشیں انتہاں کو چھو گئیں اور وہ کام ہوا جو دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان قائد کا پاکستان بنے گا، آج صبح چین کے ساتھ 1200 میگاواٹ کا نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کا بھی معاہدہ ہوا ہے، پاکستان میں ایٹمی پلانٹ نواز شریف کے دور میں لگے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 برسوں میں عمران خان نے چین کے حوالے سے ہر چیز بند کر دی تھی، الٹے سیدھے الزامات لگائے کہ شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں میں سے 45 فیصد کمیشن کھایا ہے، اگر ایسا تھا تو 4 سال مجھے جیلوں میں گھماتے رہے اس وقت ثبوت لے آتے، خدا کا شکر ہے کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہم اختلافات اور سازشیں ختم کر کے قوم کی طرح آگے بڑھنے کا وعدہ کریں تو جس سفر میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس میں جلد آگے نکل جائیں گے۔وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کر دیا، 10.4 کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرے گی، یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، اس منصوبے پر 2 ارب 69 کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔شاہراہ سے اس علاقے کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، اس شاہراہ کے اطراف میں سی ڈی اے کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی ہے، اس موقع پر وزیراعظم کو اس منصوبے کا ماڈل پیش کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ،سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چودھری، انجم عقیل خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں