بینظیر بھٹو نے جس نظریے کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ مشعل راہ ہے، پیپلز پارٹی بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ اور جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے بطور سیاسی رہنما و ملک کی منتخب وزیراعظم، پاکستان کی سیاست، معیشت اور معاشرے پر مثبت، گہرے اور بیشمار اثرات و نقوش چھوڑے ہیں 1973ءکے آئین میں سے آمریتی آلائشوں کو نکال کر اس کی اصل شکل میں بحالی، پارلیمان کو اختیارات کی منتقلی، صوبوں کو خودمختیاری، این ایف سی ایوارڈ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت، عورتوں اور اقلیتوں سمیت پسماندہ و کمزور گروہ و طبقات کو ہر فورم پر نمائندگی، بھوک و غربت کے خاتمے کے لیئے پروگرامز، عوام کی ترقی و بہبود کے منصوبے اور تخریب کاری و انتہا پسندی کی بیخ کنی سمیت دیگر بیشمار ایسے اقدامات ہیں، جو درحقیقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی بھر کی جدوجہد کا ثمر ہیں۔ یہ بات انہوں نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی70ویں سالگرہ کی مناسبت سے پیپلزپارٹی بلوچستان خواتین ونگ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو آخری وقت تک صبر و حوصلے سے اپنے مشن پر کاربند رہیں، شہید بی بی کا مشن جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام اور قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل تھی۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے افکار کی روشنی میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو اپنا کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جس طرح آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی اور ملک کو سنبھالا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس نظریے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مشن پر عمل کرتے ہوئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے کے عین مطابق آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں