اے جی آفس میں رشوت کے نرخ مقرر ہیں، بدعنوان افسران اور عملے کیخلاف کارروائی کی جائے، پبلشرز کا مطالبہ
کوئٹہ (این این آئی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف پبلشرز نے اے جی آفس کے گیٹ کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر ثنا اللہ محمد شہریار محمد صادق امین جان اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے جی آفس میں بد عنوانی عام ہو چکی ہے رشوت کے بغیر کام نہیں کیا جاتا ہر شعبے کے عملے نے باقاعدہ رشوت کے ریٹس مقرر کر رکھے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اے جی آفس کی جانب سے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کو چیک جاری نہیں کئے جا رہے جس کی وجہ سے ہمیں ادائیگی نہیں کی جا رہی اور رواں مالی سال چند دن بعد ختم ہو جائیگا جس کے بعد ہمارے چیک لیپس ہو جائیں گے ۔ انہوں نے انسداد بد عنوانی کے اداروں سے اپیل کی کہ اے جی آفس میں کرپشن کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کر کے ایماندار افسران و اہلکار تعینات کئے جائیں تا کہ سائلین کی داد رسی ہوسکے انہوں نے کہا کہ اے جی آفس کے معمولی اہلکار سے لیکر افسران تک کے اثاثوں کی جانچ پڑتال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو مختلف سیاسی جماعتوں و تنظیموں کے ساتھ مل کر اے جی آفس کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔


