بجلی کی مزید پیداوار کیلئے کام کر رہے ہیں، نیوکلیئر پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہو گی ،خرم دستگیر
گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں سولر انڈسٹری لگنے سے سولر سسٹم بہت سستا ہو جائے گا۔گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو میں خرم دستگیر نے کہا کہ سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، پاکستان میں بہت سے صنعت کار سولر اور بیٹریوں کی انڈسٹری لگانا چاہتے ہیں۔خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بجلی پیداوار میں 5 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سیلاب میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مزید پیداوار کے لیے کام کر رہے ہیں، نیوکلیئر پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہو گی،چینی سرمایہ کاری سے نیوکلیئر کے شعبے کوفروغ حاصل ہوگا۔انہوںنے کہا کہ لائن لاسز اور بلوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے، چینی کمپنی ساڑھے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔انہوںنے کہا کہ تھرکے کوئلے سے 2ہزارمیگاواٹ بجلی پیداکرکے سسٹم میں شامل کی ہے،ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے بہت سے بجلی کے منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا۔ انہوںنے کہا کہ سمندری طوفان کے باعث کچھ مشکلات آئی تھیں، 4 سال سے سی پیک پر کام نہیں ہوا۔


