وکلا برادری محکموں میں بے قاعدگیاں روکنے اور سماجی برائیوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (یو این اے) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سرکاری محکموں اور یونیورسٹیوں کی کارکردگی کو اطمینان بخش اور قانون کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے ان میں قانونی مشیروں کی تعیناتی ضروری ہے تاہم خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے ان کے عرصہ تعیناتی کو کارکردگی سے مشروط کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں حقوق و فرائض کے احساس کو اجاگر کرنے اور عدل وانصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلا برادری کا کلیدی کردار ہے۔ گورنر نے صوبہ کے معتدل اور روشن فکر افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں جمہوری رویوں کو فروغ دینے، اختلاف رائے کا احترام پیدا کرنے اور انسانی عظمت کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاوس کوئٹہ میں ممبر آف پاکستان بار ایسوسی ایشن منیراحمد کاکڑ کی قیادت میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری اور صوبے کی پائیداری ترقی اور خوشحالی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوامی حقوق واختیارات کی پاسداری کے حوالے سے وکیلوں پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ایک وکیل میں اتنی صلاحیت اور جرآت ہے کہ وہ کسی محکمہ کی بے قاعدگی کو روکیں اور سماجی برائی کا خاتمہ کرنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔


