شہبازگل جس ائیرپورٹ پر نظر آئیں انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے،عدالت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کو شہبازگِل کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیا۔جج طاہر عباس نے ہدایت کی کہ شہباز گِل پاکستان میں جس ائیرپورٹ پر نظر آئیں انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ عدالت نے چیئرمین نادرا کو شہبازگِل کا شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کہا کہ شہباز گل جان بوجھ کر کیس کے ٹرائل کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، شہباز گل کی اسلام آباد اور فیصل آباد کی رہائش گاہ کے باہر اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کیا جائے۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسلام آباد کو شہبازگل کی جائیداد کی رپورٹ 30 دن میں جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔دوران سماعت پولیس کی جانب سے شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ بھی عدالت جمع کروائی گئی، پولیس نے کہا کہ شہباز گل کو وارنٹ کے مطابق گرفتار کرنیکی کوشش کی لیکن وارنٹ کی تعمیل نہ ہونے کے لیے شہباز گل جان بوجھ کر امریکا چلے گئے۔عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے اور دیگر رپورٹس 26 جولائی کو طلب کرلیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں