ہرنائی، کوئلہ سے لدے ٹرک نذر آتش، ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر فائرنگ، متاثرین کا شاہراہ پر دھرنا، بازار میں شٹر ڈاﺅن

ہرنائی (یواین اے) ہرنائی کوئٹہ مین شاہراہ ضلع زیارت کی انتظامی حدود مانگی ایریا میں نامعلوم مسلح افراد ہرنائی، شاہرگ کھوسٹ کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ اور کوئلہ سے لوڈ ٹرکوں کو آگ لگاکر ایک درجن کے قریب ٹرکوں کو جلاکر فرار ہوگئے جبکہ ڈی سی ہرنائی جوکہ کوئٹہ سے ہرنائی آرہے تھے کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی تاہم ڈی سی ہرنائی اور انکا عملہ محفوظ رہا۔ ایک ماہ قبل ہرنائی کے علاقہ چپررفٹ کے پہاڑی علاقے میں بھی نامعلوم افراد نے کوئلہ سے لوڈ ٹرکوں کو نشانہ بنایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے شام کو کوئٹہ ہرنائی کے مین شاہراہ ضلع زیارت مانگی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ہرنائی سے کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ کرکے کوئلہ سے لوڈ ٹرک کو مانگی ایریا میں روک لیا اور رات گئے تقریباََ ایک درجن ٹرکوں کو آگ لگاکر ٹرکوں کوئلہ سمیت جلادیا گیا جس سے ٹرک مالکان کو کروڑوں روپوں کا نقصان ہوا ہے اس کے علاوہ نامعلوم مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر ہرنائی جوکہ کوئٹہ سے ہرنائی آرہے تھے زیارت مانگی کے علاقے میں انکے گاڑی پر فائرنگ کی تاہم ڈپٹی کمشنر ہرنائی و دیگر گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے، ٹرکوں پر فائرنگ اور ٹرکوں کو جلانے کے واقعہ کے خلاف ہرنائی ، شاہرگ، کھوسٹ میں ضلع ہرنائی کے عوام، سیاسی جماعتوں، ٹرانسپورٹروں، کوئل مائینز اونرز سول سوسائٹی نے شاہرگ کے مقام پر احتجاجاََ شاہراہ اور شاہرگ بازار میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی اور شاہرگ بازار میں احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا، جس میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے مانگی میں کوئلے سے لوڈ ٹرکوں کو جلانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ارباب اختیار سے ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں سمیت تمام ٹرانسپورٹ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عید کے پوراََ بعد ضلع ہرنائی کے عوام، سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی، کاروباری افراد، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہرنائی میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے مانگی واقعہ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقررین نے مانگی میں ہرنائی سے کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ اور جلانے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے عوام کے جان ومال کو قومی شاہراہوں تحفظ فراہم کرنے اور ٹرکوں کو جلانے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں