عیدالاضحی مسلمانوں کیلئے قربانی، اخوت، محبت و رواداری کے جذبات کی تجدید کا دن بھی ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی یا سنت ابراہیمی کا مقصد ذات باری تعالیٰ کی قربت حاصل کرنے کا نام ہے عید الضحیٰ کا دن نہ صرف پوری ا±مت کیلئے ایک باسعادت موقع ہے بلکہ یہ دنیابھر کے مسلمانوں کیلئے اتفاق اور یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تمام مسلمانوں کیلئے قربانی، اخوت اور محبت و رواداری کے جذبات کی تجدید کا دن بھی ہے جو حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت اسماعیل ذبیح اللہ کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ ہم بھی ہر وقت اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنی جان و مال قربان کرنے کیلئے تیار رہیں۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے صوبے بھر کے عوام سے اپیل کی کہ جانوروں کی قربانی کے وقت حفظان صحت کے تمام اصولوں کو ضرور اختیار کریں۔آئے ہم آج پھر سب مل کر سنت ابراہیمی کو آگے بڑھائیں اور عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں اپنے اردگرد موجود غریبوں، یتیموں اور نادار لوگوں کو شریک کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں