ٹانک اور شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائیاں، 6 تخریب کار ہلاک

راولپنڈی (این این آئی) سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کامیاب کارروائیوں کے دوران فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث 6 سرگرم تخریب کاروں کو ہلاک کردیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق29 اور 30 جون کی درمیانی شب ٹانک کے علاقے منزئی میں فوج اور تخریب کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے تخریب کاروں کے ٹھکانے کا پتا لگایا اور تین تخریب کاروں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان فوج کے مطابق فورسز نے مارے گئے تخریب کاروں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک کے عمومی علاقے میں فوج اور تخریب کاروں کے درمیان ایک اور شدید جھڑپ میں مزید تین تخریب کار ہلاک کردیے گئے۔ ترجمان فوج نے کہا کہ مارے گئے تخریب کار سیکیورٹی فورسز کیخلاف تخریبی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں