کراچی ،موسلادھار بارش کا خدشہ ، سی اے اے کا ہلکے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم

کراچی(صباح نیوز)کراچی میں موسلادھار بارش کے خدشے کے باعث سی اے اے نے ہلکے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)نے کراچی ائیرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کیلئے الرٹ جاری کردیا۔سی اے اے کے حکم نامے میں کہا گیا کہ ہلکے وزن کے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو حساس مقامات سے جتنا ممکن ہوسکے دور رکھا جائے۔گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائوں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لئے سپرے کویقینی بنایا جائے اور طیاروں سے پرندوں کو دوررکھنے کے لئے اضافی برڈ شوٹرزتعینات کئے جائیں۔سی اے اے کے مطابق ائرفیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اوراطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کاکردگی کو یقینی بنائیں۔ بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لئے رن وے کی رگڑ/بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہائو ممکن بنایا جائے۔ رن ویز کے اطراف میں ہرقسم کے گڑھوں کوبھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے۔ فالومی وین کو کسی بھی ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھاجائے۔مون سون کے متوقع سسٹم کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ۔ اس دوران 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں