قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ، احتجاج ، ریلیاں

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان کے مفتیان کرام ، جید علماء کرام ، مشائخ عظام نے قرآن پاک اور ناموس رسالت ۖ کی بے حرمتی میں ملوث ممالک کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کر دی ۔ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر مختلف غیر مسلم ممالک میں قرآن پاک اور انبیاء کرام کی توہین میں ملوث مجرمان کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے اور علماء کرام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تقدیس قرآن اور ناموس رسالت ۖ کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر موثر قانون سازی کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں ۔ تفصیلات کے مطابق یوم تقدیس قرآن کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیاں و جلوس نکالے گئے ۔ مساجد میں علماء کرام نے اپیل کی کہ مغرب یورپ بالخصوص بے حرمتی اور توہین کے واقعات میں ملوث غیر مسلم ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ۔ مسلم ممالک سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اقتصادی طور پر بھی متعلقہ ممالک کو سخت جواب دیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں