چینی 70 روپے فی کلو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں: شوگر ملز ایسوسی ایشن کا حکومت کو خط

لاہور:وزارت صنعت و پیداوار نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو خط لکھ دیا،جس میں چینی عوام کو 70 روپے فی کلو دستیابی کے لیے انتظامات کی ہدایت کی گئی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب سستے داموں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں دوسری طرف شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 60 ہزار ٹن چینی ستر روپے فی کلو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نےعوام کو 70روپے فی کلوچینی فراہمی حکم دیا،عدالتی حکم کی تعمیل میں یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کو چینی فراہمی کےانتظامات کیےجائیں ،،یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے حالیہ خط میں مجوزہ قیمت پر چینی فراہم کی جائے

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے انتظامیہ کو سستے داموں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے متحرک کر دیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب جوادرفیق ملک کاکہناہے کہ شوگر ملز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دکانوں پر متفقہ قیمت پر چینی کی فروخت کو ممکن بنانے اور بلاتعطل سپلائی کیلئے مکمل تعاون کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دکاندار صارفین کو 70 روپے فی کلو کے حساب سے چینی فروخت کریں گے، دکانوں کی نشاندہی اور ان پر قیمت پر چینی کی دستیابی کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، چینی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے محکمہ خوراک تمام شوگر ملز کو متعلقہ اضلاع الاٹ کرے گا۔

رحیم یار خان سے گنے کے کاشتکار نے چینی انکوائری کمیشن کیس میں فریق بننے کیلئے دائر درخواست میں کہا ہے کہ گنے کے کاشتکار اور شوگرملز کے متاثرین کو بھی سنا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ شوگر ملز مالکان کے ساتھ ہمیں بھی سنے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کیس پر حکم امتناع نامہ جاری کر رکھا ہے۔

دوسری طرف شوگر ملز ایسوسی ایشن نے خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ ساٹھ ہزار ٹن چینی 70 روپے فی کلو دینے کے لیے تیار ہیں، عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے رضاکارانہ پیشکش کررہے ہیں، حکومت چینی عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کرے، ملک میں سالانہ کھپت باون لاکھ ٹن کے قریب،پیداواری لاگت کے پیش نظر مستقل بنیادوں پر ستر روپے کلو فراہمی قابل عمل نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں