9مئی احتجاج کیس ،شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9مئی پر تشدد احتجاج پر تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج محمد ہارون شاہ نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر حاضری لگوائی۔پی ٹی آئی رہنما کے وکیل علی بخاری نے دلائل مکمل کئے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی پر پرتشدد احتجاج میں ایما کا الزام ہے ، شاہ محمود قریشی پرتشدد احتجاج کے وقت نہ جائے وقوعہ پر موجود تھے اور نہ انہوں نے کوئی بیان دیا،پولیس نے بغیر کسی ثبوت کے شاہ محمود قریشی کو ملوث کرنے کی کوشش کی۔وکیل نے کہا کہ عدالت شاہ محمود قریشی کی ضمانت کنفرم کرے، وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت کنفرم کی اور ایڈیشنل سیشن جج سید محمدہارون نے درخواست ضمانت منظور کرلی۔


