وزیراعظم شہباز شریف کا سری لنکن صدر سے ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے سوموار کے روز جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سری لنکا کے صدر سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا، پاکستان کے عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں، علاقائی ترقی اور امن کے لئے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔ سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے نیک تمنائوں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا ہی دوستی ہے۔سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا۔سری لنکا کے صدر نے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے پر وزیراعظم کو مبارک پیش کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکا کے صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے۔ سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ڈیفالٹ کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔


