سعدیہ دانش کا ڈپٹی سپیکر منتخب ہونا خواتین کی نمائندگی کیلئے اہم پیشرفت ہے، شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سعدیہ دانش کا گلگت بلتستان اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر کے طور پر انتخاب گلگت بلتستان اور پورے ملک میں خواتین کی نمائندگی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ پیپلز پارٹی کا خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ملک میں اہم عہدوں پر تعینات کرنے کا شاندار ٹریک ریکارڈ ہے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پارٹی کی عظیم قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر تاریخ رقم کی، ان کی دلیرانہ قیادت نے دوسری خواتین کے لیے سیاست میں آنے اور ملک کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کرنے کی راہ ہموار کی۔ صنفی مساوات کا فروغ نہ صرف خواتین کو بااختیار بناتا ہے بلکہ ملک کی جمہوری بنیادوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ عورتوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مرکزی دھارے کے عہدوں پر تعینات کرنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت تعریف کے مستحق ہے۔ شکریہ پیپلز پارٹی


