فیصل آباد، فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد، راولپنڈی میں نئی نویلی دلہن ٹریفک حادثے میں جاں بحق
فیصل آباد/راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)فیصل آباد کے تھانہ ڈجکو ٹ کے علاقہ چک 431 برالہ میں رکشہ کے ٹائر چوری ہونے پر لڑائی میں فائرنگ کرکے خاتون سمیت3 افرادکو قتل کردیاگیاجبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا-ریسکیوذرائع کے مطابق مقتولین میں 32 سالہ روبینہ بی بی ،45 سالہ شمشیر، 32 سالہ نور احمد شامل ہیں۔ 19سالہ زرینہ بی بی کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے -سی پی اوفیصل آباد کے نوٹس لینے پرپولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ۔دوسری جانب راولپنڈی میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرانے کے سبب نئی نویلی دلہن جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ پنڈی کے علاقے چک بیلی روڈ پر جٹھہ ہتھیال کے قریب پیش آیا جس میں ڈرائیور کار پر قابو نہ رکھ سکا اور کار درخت سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی اور4 افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ خاتون کی ایک روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔


