پٹرول کی قلت، مزید 9 نجی آئل کمپنیز کو نوٹس جاری

اسلام آباد:پیٹرول بحران کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے مصنوعی قلت کے حوالے سے مزید 9 نجی آئل کمپنیز کو نوٹس جاری کردئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے ضمن میں تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کرچکی ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے مزید نجی کمپنیز کو طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 9 کمپنیوں کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ جن کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے ہیں ان میں پوما انرجی، زوم مارکٹنگ، تاج گیسو لائن، گیس اینڈ آئل کمپنی شامل ہے۔تحقیقاتی کمیٹی نے عسکر آئل، شیل حیسکول، فیولرز اور النور پیٹرولیم کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، کمیٹی نے آئل کمپنیوں سے آئل ڈیپو میں موجود، آؤٹ لیٹ پر سپلائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندازی اور بلیک مارکیٹنگ کے معاملے پر ایف آئی اے کی دوبارہ طلبی کے باوجود تین نجی پیٹرولیم کمپنیوں کے سی ای اوز ہفتہ کو بھی پیش نہیں ہوئے۔ تینوں سی ای اوز کی جانب سے ان کے نمائندے پیش ہوئے اور حکام کو بتایا کہ دو تیل کمپنیوں کے سی ای اوز لاہور جبکہ ایک اسلام آباد میں ہیں۔ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ دوبارہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ٹھوس قانونی کارروائی متوقع ہے اور وزارت پیٹرولیم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کا لائسنس کی منسوخی سمیت مختلف امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق مزید 7 تیل کمپنیوں کے سی ای اوز کو طلب کیا گیا ہے اور ان تمام کمپنیوں پر تیل کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں