سردار اختر مینگل کیخلاف محاذ بنایا جارہا ہے، قانون نافذ کرنیوالے ادارے شفیق الرحمن کے ہاتھوں یرغمال ہیں، آغا حسین
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈھ میں گزشتہ کافی دنوں سے حالات مخدوش ہیں، اس حوالے سے میں نے، ہاشم نوتیزئی، اسلم بھوتانی، محسن داوڑ نے وڈھ کی مخدوش صورتحال پر توجہ دلانے کی کوشش کی کہ ہماری پارٹی کے قائد سردار اختر مینگل کے گھر پر جدید ہتھیاروں سے حملے کیے جارہے ہیں، مارٹر گولے فائر کیے جارہے ہیں، تین سے چار بچے بھی زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے شفیق الرحمن کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ سردار اختر مینگل نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کی ہم سمجھتے ہیں کہ ان واقعات کی مذمت کی اس کے باوجود ان کیخلاف محاذ بنایا جارہا ہے جس پر توجہ دلانے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ سردار اختر مینگل رکن پارلیمنٹ ہیں لیکن ان کے گھر پر حملے اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ جناب اسپیکر صاحب بلوچستان کیساتھ جو کیا جارہا ہے اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ شفیق الرحمن کیخلاف تخریب کاری اور فرقہ واریت کے تحت مقدمات درج ہیں، توتک واقعات میں 2 سو مسخ شدہ لاشوں کا الزام بھی شفیق الرحمن پر ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔


