پاک امریکہ اقتصادی اتحاد دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا ، مائیکل میکال

واشنگٹن (صباح نیوز)چیئرمین ہائوس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اتحاد دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔ امریکی کانگریس کی فارن افیئرز کمیٹی کی ذمہ داریوں میں غیر ملکی امداد سے متعلق نگرانی اور قانون سازی، خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہونے والے معاملات میں پیش رفت؛تزویراتی منصوبہ بندی اور معاہدے؛ آرمز کنٹرول، یو ایس ایڈ (امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی)؛ غیر ملکی امداد ایکٹ؛ پبلک ڈپلومیسی بشمول بین الاقوامی مواصلات، معلوماتی پالیسی، بین الاقوامی تعلیم، اور ثقافتی پروگرام اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔کانگریس مین میکال نے کہا کہ ان کے خیال میں ہم جتنی زیادہ تجارتی اور اقتصادی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اتنے ہی قریبی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین سکیورٹی پارٹنرشپ موجود ہے لیکن ہمیں اقتصادی اتحاد کی بھی ضرورت ہے اور یہ ہمارے دونوں ممالک کویکجا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ اپنے پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کرسکتے لیکن آپ اپنے دوستوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ دوست رہیں۔ایمبیسی آف پاکستان میں سفیر پاکستان مسعود خان کی جانب سے منعقدہ بی بی کیو ریسپشن اور مینگو فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا کے ایک نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کانگریس مین میکال نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ایک مشکل حصے میں واقع ہے۔ افغانستان، مہاجرین کے مسئلے اور دہشت گردی کی عفریت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اتحاد اور مضبوط شراکت داری ہمارے بہترین مفاد میں ہے۔پاکستانی آموں کے معیار اور ذائقے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کانگریس مین میکال نے کہا کہ پاکستانی آم بہترین ہیں اورمہمان نوازی لاجواب ہے۔بعد ازاں سفیر پاکستان مسعود خان سے چیئرمین مائیکل میکال نے سفارت خانے میں ملاقات بھی کی۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ چیئرمین ہائوس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال کا استقبال کر کے خوشی ہوئی۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ان کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں