پی پی سندھ کارڈ کھیل کر نفرت پیدا کرنےکی کوشش کر رہی ہے: فردوس شمیم نقوی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کھیل کر نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ تفرقہ بازی کرنا سندھ حکومت کی عادت بن چکی ہے اور سندھ حکومت وفاق کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایسا تاثر دیتی ہے کہ انہیں حقوق نہیں مل رہے، پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کھیل کر نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ پولیس کا نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کا آئی جی بنا ہوا ہے، سندھ حکومت جب بھی بات کرتی ہے جھوٹ کہتی ہے اور سندھ حکومت کے وزراء کہتے ہیں کہ انھیں جائز حق نہیں ملا۔

فردوس شمیم نقوی کے الزامات کے جواب میں ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس سبسڈی اورامیروں کو مراعات دینے کے لیے پیسے ہیں لیکن صوبوں کو دینے کے لیے پیسہ نہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور وفاق سے بھی اس کی توقع کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں