عوام کی اچھی صحت کا صاف اور صحت مند خوراک سے گہرا تعلق ہے، شہبازشریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی اچھی صحت کا صاف اور صحت مند خوراک سے گہرا تعلق ہے۔یہ عوام کا حق ہے کہ انہیں یہ معلوم ہو کہ ان کو فراہم کردہ خوراک میں کیا اجزا شامل کیے گئے ہیں تاکہ وہ بہتر اور شفاف معلومات کی بنا پر اپنی خوراک کا انتخاب کر سکیں۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میری ہدایت پر ”صحت مند غذا ۔تندرستی سدا”مہم کا پورے پاکستان میں اجرا کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر ریسٹورنٹ کھانوں کی مکمل کیلوریز سے صارف کو آگاہ کرے گا۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی پیک شدہ اشیا پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)کی سفارش کردہ تجاویز پر مبنی غذائیت کی مکمل معلومات شائع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ٹرانس فیٹ ایسڈ کو بھی صرف 2 % تک محدود کیا جا رہا ہے تاکہ دل اور دیگر بیماریوں کا سد باب کیا جا سکے۔ وزیر اعظم شہباشریف کا کہنا تھا کہ اس انتہائی مہم کو میرا سٹریٹجک ریفارمز یونٹ تمام صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر پاکستان بھر میں پھیلا رہا ہے۔ہمارے ہسپتال ویران اور کھیلوں کے میدان آباد رہنے چاہئے اور یہ مہم ایک صحت مند مستقبل کی نوید ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں