بلوچستان میں الیکشن ڈرامہ ہے، بائیکاٹ بلوچ قوم کی طرف سے ریفرنڈم ہوگا، شاہ جی صبغت اللہ
کیچ (انتخاب نیوز) جماعت اسلامی صوبائی انتخابی کنونشن کا اختتام۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو نامزدگی لیٹر جاری کیے۔ ضلع کیچ سے شاہ جی صبغت اللہ بلوچ کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دے کر جماعت اسلامی کا امیدوار نامزد کیا جبکہ صبغت اللہ بلوچ نے انتخابی نامزدگی لیٹر لینے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، ہماری مائیں، بہنیں گھروں میں محفوظ نہیں ہیں، کمسن بچے تک لاپتہ ہیں۔ الیکشن بلوچ مسئلے کا حل نہیں، الیکشن کا بائیکاٹ بلوچ قوم کی طرف سے ریفرنڈم ہوگا، بنگالی تعداد میں زیادہ تھے مگر الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کیا ہوا۔ بلوچستان میں الیکشن ڈرامہ ہے، راتوں رات ماں اور باپ بنا کر بچے وزیر و وزیراعلیٰ بنائے جاتے ہیں۔ ہم خانہ پری کے قائل نہیں، بلوچ قوم الیکشن کے بجائے اپنی ساری طاقت بلوچستان کی معدنیات کی حفاظت پر لگائے جن کو چین اور دیگر ممالک کے ساتھ ملکر بے دریغ لوٹ رہے ہیں۔ ساحل، ریکوڈک، سیندک، بیلہ اور بولان کی معدنیات بلوچوں کو سیکڑوں سال چلا سکتے ہیں بشرطیکہ بلوچ ان کی حفاظت کرے، وگرنہ ریاست نے دیگر ہم خیال ممالک کے ساتھ جو لوٹ مار مچارکھی ہے یہ معدنیات جلد ختم ہوجائیں اور بلوچ کے کسی کام نہیں آئیں گی۔


