کراچی سی ٹی ڈی کا آپریشن، بی ایل اے کے 2 ارکان گرفتار کرنیکا دعویٰ
کراچی (انتخاب نیوز) سندھ پولیس کے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے سرچ آپریشن کے دوران رئیس گوٹھ سے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق زیر حراست افراد سے 2 مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہیں اور زیر حراست افراد کا تعلق تنظیم بی ایل اے سے ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے شہر کے مختلف مشکوک علاقوں میں مرحلہ وار انفارمیشن بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن تھانہ موچکو اور سعید آباد کے اطراف کے علاقوں بس ٹرمینل، نیول کالونی اور رئیس گوٹھ میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران تلاش ایپ کے ذریعے 64 مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کی ٹیم نے 2 ارکان کو رئیس گوٹھ سے حراست میں لے کر ان سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں جو تھانہ گزری اور تھانہ ٹیپو سلطان سے چوری ہوئی تھیں۔ زیر حراست افراد کو مزید تفتیش کے لئے سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔


