وڈھ مسئلے کے حل کیلئے پر امید ہیں، سردار اختر اور میر شفیق نے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے، نواب رئیسانی
کوئٹہ (یو این اے) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان وچیف آف ساراوان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاہے کہ وڈھ مسئلے کے حل کیلئے پرامید ہیں امن اور بھائی چارے کی فضاءکیلئے دوبارہ وڈھ جائیںگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ وہ اپنے قبائلی عمائدین سے مشورہ کرنے کے بعد مثبت جواب دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی وفد خونریزی سے بچنا چاہتا ہے، وہ اس مسئلے کو باہمی افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دونوں طرف کے لوگ ہمارے اپنے ہیں۔انہوں نے وڈھ میں مکمل امن کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خیر سگالی کو فروغ دینے کے لیے دوسری بار وڈھ آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ امن اور بھائی چارہ قائم کرنے کے لیے دوبارہ بھی وڈھ آئیں گے۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ آج ہم نے دونوں جماعتوں کا مقف سنا اور فریقین نے مثبت جواب دیا، ہم وڈھ کے مسائل کے حل کے لیے پرامید ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے بعد سردار اختر مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل نے اپنے قبائلی عمائدین سے مشاورت کے لیے کچھ اور وقت مانگا ہے تاکہ قبائلی وفد کو قبائلی رسم و رواج اور اقدار کے مطابق مسئلہ حل کرنے کا اختیار دیا جائے۔


