فنکار طبقے کو نگران حکومت میں مناسب نمائندگی دی جائے، سوسائٹی فار آرٹ اینڈ کلچر

کوئٹہ (آن لائن) سوسائٹی فار آرٹ اینڈ کلچر عنایت اللہ لہڑی ، استاد عیسیٰ خان خجک اور دیگر نے چیف جسٹس بلوچستان، کمانڈر 12 کور اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت الیکشن کمیشن کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فنکار طبقے کو نگران حکومت میں مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کی خدمت کرسکیں۔ یہ بات انہوں نے سوموار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ فنکار کسی بھی معاشرے اور علاقے کا حساس طبقہ ہوتا ہے جس نے ہمیشہ امن اور مثبت سوچ کو پروانا چڑھایا ہے اور یہ طبقہ ہمیشہ ہر شعبے میں نظر انداز ہوتا رہا ہے ملک کے جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لئے سیاستدانوں کے ساتھ معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی موقع دینا چاہئے تاکہ وہ آگے آکر ملک اور قوم کی خدمت کرسکیں بلوچستان کے فنکاروں نے ہمیشہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں جس طرح ہمسایہ ممالک میں سائنس و ٹیکنالوجی کا پارہ بلند رہا ہے وہاں پر شعبہ آرٹس کا طرہ امتیاز بلند رہا ہے لیکن بدقسمتی سے اس طبقے کو سرپرستی حاصل نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ہماری چیف جسٹس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ نگران حکومت میں فنکار طبقے کو مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کی خدمت کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں