کوئٹہ بورڈ آفس میں 29 سال سے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کی ہزاروں اسناد امیدواروں تک پہنچا دی گئیں
کوئٹہ (آن لائن) چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اعجاز عظیم بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ بورڈ آفس میں 29 سال سے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کی 72408 ہزار زیر التوا اصل اسناد امیدواروں تک پہنچا دی گئی ہیں 1990 سے 2019 تک مختلف وجوہات کی بنا پر 72ہزار 4 سو 8 اسناد امیدواروں تک نہیں پہنچی تھیں اتنی بڑی تعداد میں اسناد کی عدم ترسیل کا سختی سے نوٹس لیا اور دن رات ایک کرکے اصل اسناد امیدواروں تک نہ پہنچنے کی وجوہات کا جائزہ لیا اسناد کی ترسیل میں غفلت برتنے کے ساتھ ساتھ مختلف وجوہات سامنے آئیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بتایا کہ غلط ایڈریس ، عدم توجہی اور دیگر وجوہات کی بنا پر 72 ہزار سے زائد اصل اسناد بلوچستان بورڈ میں پڑی تھیں چارج سنبھالنے کے بعد عدم توجہی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی ، انہوں نے آگاہ کیا کہ امیدواروں تک اصل اسناد نہ پہنچنے والے ریجن میں تربت فہرست ہے ، جہاں میڑک کی 25161 اور انٹرمیڈیٹ کی 10086 اصل اسناد امیدواروں تک نہیں پہنچی ، لورالائی میں میڑک کی 3040 اور انٹر میڈیٹ کی 9837 اصل اسناد امیدواروں تک نہیں پہنچی ، خضدار میں میٹرک کی 3420 اور انٹرمیڈیٹ کی 7678 اسناد جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں میٹرک کی2966 اور انٹر میڈیٹ کی7300 اصل اسناد امیدواروں تک نہیں پہنچی ، یہ تمام اسناد کوئٹہ بورڈ آفس کی متعلقہ برانچ میں موجود تھیں اور یہ صورتحال اسوقت سامنے آئی جب بطور سربراہ ادارہ پہلی بار متعلقہ برانچ کا دورہ کیا بڑی تعداد میں اصل اسناد کی عدم ترسیل کا سختی سے نوٹس لیا اور امیدواروں کے ریکارڈ کے مطابق ان کا رسائی ایڈریس نکال کر انہیں اسناد بھیجوا دی گئی الحمدللہ ہم نے 29 سال سے موجود ترسیل اسناد کا بیک لاگ ختم کر دیا گیا اور72408 امیدواروں تک ان کی اصل اسناد پہنچا دی گئی ہیں اب بورڈ آفس کی متعلقہ برانچ میں کوئی زیر التوا سند باقی نہیں رہی ، 29 سالہ بوجھ ختم ہوچکا ، چیئرمین اعجاز عظیم بلوچ نے کہا کہ ماضی میں کیا ہوتا رہا یہ ایک الگ بحث ہے تاہم اب ایسی ہر روش بدلنی ہوگی جس سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت قابل برداشت نہیں ، اب کارروائی ہوگی عوام کو سہولت دینا چاہتے ہیں مسائل پیدا کرنے والوں کو گھر بھیجوا دیں گے انہوں نے کہا کہ بحیثیت چیئرمین عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے کسی بھی مسئلہ کے حل کے لئے چیئرمین آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے روز مرہ امور کو سہل بنا کر بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو عوامی سہولت کا مثالی ادارہ بنائیں گے


