امریکی ادارے نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کیلئے اسکالر شپس کا اعلان کردیا
اسلام آباد(این این آئی)امریکی ادارے یو ایس ایڈ (یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فارانٹرنیشنل ڈویلپمنٹ)نے پاکستان سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبا کےلئے اسکالر شپ کا اعلان کیا ہے،یو ایس ایڈ کے تحت2004سے مالی طور پر سماندہ سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے طلبا کواسکالرشپ فراہم کی جائے گئی۔رواں سال یہ پروگرام 30پارٹنر یونیورسٹیوں میں سیلاب سے متاثرہ طلبا کی مالی مشکلات کو کم کرنے کے لئے دو سمسٹروں کے اسکالرشپ فنڈز فراہم کرے گا۔گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے سیلاب نے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کے ب معاش کو نقصان پہنچایا تھا۔یہی وجہ ہے کہ یو ایس ایڈ کا سیلاب سے متاثرہ طلبا کے لئے اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ انڈر گریجویٹ اسکالرشپس کے تحت دو سمسٹر کی فیس میرٹ کی بنیاد پرادارہ ادا کرے گا۔طالب علم کو چار/پانچ سالہ انڈر گریجویٹ ڈگری پروگرام میں 2023میں دوسرے ،تیسرے ، چوتھے ، پانچویں ، چھٹے یا ساتویں سمسٹر میں داخلہ لینا ہوگا۔اس پروگرام میں حصہ لینے کیلئے لازم ہے کہ امیدوار کا تعلق حکومت پاکستان کی طرف سے نشاندہی کردہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع/ذیلی اضلاع /یو سی تحصیلوں سے ہو۔امیدوار سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ثبوت فراہم کریں جیسے گھریلو، معاش وغیرہ۔ انٹرنیٹ سے ڈاﺅن لوڈ کی گئی جعلی تصاویر کو مسترد کردیا جائے گا۔شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کا انٹرویو بھی ہوگا۔50فیصد اسکالرشپ خواتین کےلئے مختص ہیں ۔آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 16اگست 2023ہے۔


