وزیر اعظم کا دوران کورونا فرائض انجام دینے والے جاں بحق ڈاکٹرزاور ہیلتھ ورکرز کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کورونا وباء کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے جاں بحق ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کو تمغہ امتیاز (بعد ازمرگ)دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے ملک بھر سے ڈاکٹروں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کورونا وباء کے دوران خدمات کا اعتراف اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کے ان بیٹوں اور بیٹیوں نے ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اس جان لیوا وبا ء سے جامِ شہادت نوش کیا۔پوری قوم ان فرض شناس ڈاکٹرز اور فرانت لائن ہیلتھ ورکرز کی مقروض رہے گی۔ان ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے اہلِ خانہ قوم کا فخر ہیں۔ پنجاب سے 81، سندھ سے 87، خیبر پختونخوا سے 23، بلوچستان سے 8، آزاد جموں و کشمیر سے 4 اور گلگت اور اسلام آباد سے ایک ڈاکٹر کو کرونا وباء کے دوران محنت و لگن سے لوگوں کی زندگیاں بچانے اور فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت پر تمغہ امتیاز(بعد ازمرگ)دیا جائے گا۔پاکستان بھر سے 59 نرسوں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی کرونا وباء کے دوران اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خدمات اور لوگوں کی جان بچانے پر تمغہ امتیاز (بعد ازمرگ)سے نوازا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں