پاک افغان پارلیمان اور صنعتی روابط قائم کرنے پر متفق

اسلام آباد:پاکستان اور افغانستان نے پارلیمان اور صنعت کی قائمہ کمیٹیوں کے مابین روابط قائم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ طب مقاصد کے حصول کے لیے افغان شہریوں کو ویزا کے اجراء کی سہولت فراہم کی کی گئی ہے،افغان شہری اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی ہے،دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں،سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ اس موقع پر افغان سفیر شاکراللہ عاطف مشال نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے، پاکستان نے افغان مہاجرین کی جس طرح مہمان نوازی کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے،افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواں ہے،افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں