خطے سے امریکی افواج کا انخلاء افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے،سراج الحق

کوئٹہ+اسلام آ با د:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق سے پاکستان میں افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے اسلام آباد میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں۔انہوں نے کہا کہ اب اگر امریکہ کا افغانستان سے جانا طے ہوگیا ہے تو یہ صدی کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔خطے سے امریکی افواج کا انخلاء افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دلیر اور جرأت مند عوام نے بیرونی جارحیت قبول کی اور نہ کبھی بیرونی آقاؤں کو سپورٹ کیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ افغان عوام کے دکھ دردکو اپنا دکھ درد سمجھتے ہوئے اس میں شرکت کی ہے۔پاکستانی قوم نے بھی افغان مہاجرین کو اپنے دلوں اور ملک میں جگہ دی اور ان کو عزت و احترام اور وقار کے ساتھ اپنے پاس ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ ایشیاء میں امن کیلئے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کابل میں ہندوستان کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے کیلئے نقصان دہ ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغان عوام کے برادرانہ تعلقات میں مزید نکھار پیدا ہو اور افغانستان اور پاکستان کے نوجوانوں،طلباء،اساتذہ،ڈاکٹرز،انجینئرز اور مختلف شعبوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔اسی طرح پاکستانی اور افغان خواتین کے درمیان گھریلو دستکاریوں سمیت مختلف نوعیت کے امور میں باہمی تعلقات کو فروغ ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور افغان عوام اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں دونوں کا ماضی حال اور مستقبل ایک ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں بہت خون بہاہے۔اب افغانستان کو ایک پرامن ملک کے طور پر آگے بڑھنا اور دنیا میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس خطے میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔دونوں ملکوں کو پڑوسی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کو اس وباء سے بچانے کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کابل کی مسجد اور ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور افغان سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں