ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ہوا بازی اور دفاعی شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ رہی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فریقین نے پاک امریکا عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ایئر چیف ظہیر احمد بابر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں شاندار پیشرفت قابلِ تحسین ہے۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک فضائیہ کے تربیتی شعبے کو مزید تقویت دینے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی شعبہ بہتر بنا کر پاک فضائیہ کیلئے اعلیٰ اور معیاری تربیت ممکن بنائی جاسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کا غیر متزلزل عزم قابلِ تعریف ہے۔


