وڈھ میں فائرنگ اور گولہ باری، ڈرائیور اور بچہ زخمی
وڈھ میں سردار اسداللہ مینگل اور میر شفیق الرحمن کے حامیوں کے درمیان تیسرے روز بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری، جمعرات کے روز بھی صبح سے رات تک فریقین وقفے وقفے سے ایک دوسرے پر فائرنگ اور گولہ باری کرتے رہے، فائرنگ اور گولہ باری سے گھروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ فائرنگ سے شیخ قبیلے کا ایک بچہ سلمان احمد ولد عبدالخالق شیخ شدید زخمی ہوا، جس کو سرکاری حفاظت میں تحصیل ہیڈ کواٹر اسپتال وڈھ لایا گیا جبکہ روڈ کے اطراف میں کھڑے کنٹینر میں گولی لگنے سے کنٹینر ڈرائیور عین اللہ زخمی ہوا، جس کو طبی امداد کے لیے خضدار روانہ کردیا گیا جبکہ تین دن سے وڈھ بازار بند ہونے کی وجہ سے شدید غذائی قلت ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، خوف کے عالم میں لوگ شدید پریشانی کا سامنا کررہے ہیں، جمعرات کو صبح سے شام تک مختلف اوقات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل کردی گئی جو رات گئے تک بھی معطل رہی۔ آخری اطلاعات کے مطابق وڈھ پمپ ایریا شاہراہ، لورو پہاڑ، زرچین اور باڈری کے درمیاں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بھاری ہتھیاروں کا استعمال ہورہا ہے، زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔


