جڑانوالہ واقعہ کی تحقیقات میں پولیس کی نااہلی کو بھی دیکھنا چاہیے، سعید غنی

کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں پولیس نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا، اس کیس کی تحقیقات میں پولیس کی نااہلی کو بھی دیکھنا چاہیے۔کراچی میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور سینیٹر وقار مہدی نے سینٹ پیڑکس چرچ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک اقلیتوں کا بھی اتنا ہی ہے جتنا ہمارا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے، اس واقعہ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب کسی بھی طرح ان واقعات کی اجازت نہیں دیتا، ہم دنیا بھر میں اپنا کیس لڑ رہے تھے کہ قرآن پاک کی بیحرمتی ہوئی ہے اور چند عناصر نے ہمارے مقدمے کو بھی کمزور کردیا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ چرچ پر حملے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہیں، پنجاب حکومت نے اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں