آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ بل پر دستخط کا معاملہ، تحریک انصاف کا صدر کے بیان پر ردعمل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے ترمیمی مسودوں پر دستخط نہ کرنے کے صدر عار ف علوی کے بیان پر رد عمل جاری کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی ٹویٹ غیر معمولی ، تشویشناک اور قابل تصور ہے ،ٹویٹ سے پوری قوم میں بے چینی اور اضطراب کی لہر نے جنم لیا ہے۔یاد رہے کہ صدر عارف علوی نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”خدا گواہ ہے میں نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 پر دستخط نہیں کیئے ، میں نے پاکستان آر می ایکٹ ترمیمی بل 2023 پر بھی دستخط نہیں کیئے ،میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ اورآرمی ترمیمی بل 2023 سے متفق نہیں ،عملے سے کہا بغیر دستخط بلز مقرر ہ وقت میں واپس کریں تاکہ غیر موثر بنا یا جا سکے ،عملے سے کئی بار تصدیق کی کہ آیا بل واپس جا چکے ؟یقین دلایا گیا کہ وہ بل واپس بھیج دیئے گئے ہیں “۔صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ” آج مجھے معلوم ہوا کہ میرے سٹاف نے میرے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے،اللہ سب جانتا ہے، وہ معاف کرنے والا ہے،میں ان سے بھی معافی مانگنا چاہتاہوں جو اس سے متاثر ہوں گے “۔


