بٹگرام، چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کوادویات اورکھانے پینے کی اشیا پہنچا دی گئیں
بٹگرام(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں سکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا،پاک فوج اور ایئر فورس کے ہیلی کاپٹرز پہنچ گئے ، لفٹ میں پھنسے افراد کو پاک فوج کے ریسکیو اہلکار نے کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور پانی پہنچا دیا ۔تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے سکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریبا 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔ چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔


