سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ کا گورنر ہاؤس سندھ کا دورہ

کراچی(صباح نیوز)سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ نے گورنر ہائوس سندھ کا دورہ کیا۔گورنر ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری معزز مہمان کی گاڑی خود ڈرائیو کر کے مقامی ہوٹل سے گورنر ہائوس لے کر آئے، سعودی وزیر کا گورنر ہائوس آمد پر سکول کے بچوں نے پرتپاک استقبال کیا، سعودی وزیر نے ہاتھ ہلا کر سکول کے بچوں کے پرتپاک استقبال کا جواب دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر حج نے کہا کہ میں پہلا وزیر حج ہوں جو پاکستان آیا، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہت مضبوط ہیں، پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط کرنے آیا ہوں۔سعودی وزیر حج کا کہنا ہے کہ جو حجاج کرام سعودی عرب آئیں گے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں، عمرے کے ویزے کے لئے مزید آسانیاں پیدا کی ہیں، 24 گھنٹے میں عمرے کا ویزا مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی پاکستان سول ایوی ایشن کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج پروازوں میں اضافہ ہو گا، پاکستان سے بھی مہمان آئے گا وہ سعودی عرب کا مہمان ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کی زیارت کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، اپنے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں