وفاقی حکومت نے سندھ کے 229 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا،مراد علی شاہ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے 229 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا ہے۔کراچی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے متوازن بجٹ دیا تھا تاہم اس سال کورونا کی وجہ سے نقصان ہوا ہے جب کہ اس کے علاوہ ہونے والا نقصان وفاقی حکومت کی نا اہلی ہے، ہمیں اس سال وفاق سے 229 ارب روپےکم ملیں گے، اسے 229 ارب کا ڈاکا نہ کہوں تو کیا کہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ وفاق کے اعلان کردہ اعدادوشمار بھی درست نہیں ہیں، وفاق نےابھی تک سندھ کو 606 ارب کے مقابلے میں553 ارب روپے فراہم کیے ہیں جب کہ سندھ کو کہا جارہا ہے کہ اگلے سال اسے 760 ارب روپے ملیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 233ارب رکھا ہے جب کہ 700 اسیکمز اس سال مکمل کریں گے اور پرانی اسیکیمزکو 25فیصد رقم دی ہے، سوائے محکمہ صحت کے کسی اور محکمے کی نئی اسکیمز شامل نہیں کی، اس کے علاوہ ہم نے تنخواہیں بڑھائیں ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مشکل حالات میں سرکاری ملازمین کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کو 23 ارب کیش ریلیف سہولت دیں گے، 5 ارب انڈسٹریز کی معرفت چھوٹے کاروبار کو قرضے دیں گے جو کورونا سے متاثرہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں