اسرائیل فلسطینیوں کی بڑھتی مزاحمتی سرگرمیوں سے خوف زدہ ہے، خطیب مسجد الاقصیٰ
بیت المقدس (صباح نیوز)مسجد الاقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی بڑھتی مزاحمتی سرگرمیوں سے خوف زدہ ہے،مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق نئے پانچ سالہ اسرائیلی منصوبے کا مقصد القدس شہر کی ناکہ بندی کرنا ہے ۔مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبے میں یروشلم شہر کو یہودی بنانے کے اقدامات اور اسے یہودی کردار دینے اور اسے اس کے اسلامی، عرب اور فلسطینی ماحول سے الگ تھلگ کرنے کی سازش شامل ہے تاکہ فلسطین سے یروشلم کے آس پاس کے شہروں اور دیہاتوں کا کوئی بھی اس کے پاس نہ آسکے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد اسلامی یادگاروں کو تباہ کرنا اور پورے یروشلم شہر میں پھیلی تاریخی اسلامی اور عرب علامتوں کو ختم کرنا ہے۔الشیخ صبری نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبہ مسجد اقصیٰ، اس کے صحنوں اور اس کے مصلوں کے خلاف ایک جارحانہ سکیم کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ یروشلم میں قابض ریاست کے جرائم کی توسیع ہے، جس کا ارتکاب وہ طویل عرصے سے کر رہا ہے۔فلسطینی عالم دین نے اس منصوبے کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قابض ریاست کو مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لئے مزاحمتی کارروائیوں اور قربانیوں سے خوف ہے۔


