خصوصی معاونین اور مشیروں کے اثاثے ظاہر نہ کرنے کا معاملہ،پی پی کاجے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

اسلام آباد:خصوصی معاونین اور مشیروں کے اثاثے ظاہر نہ کرنے کا معاملہ،پیپلزپارٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔ ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ حکومتی ارکان کی بیرون ملک جائیداد کا معاملہ انتہائی اہم معاملہ ہے،اس کیس میں درخواست گزار کوئی عام نہیں عدالت عظمی کے فاضل جج ہیں، حکومت کا فاضل جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ اپنے ہی گلے پڑ گیا ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ معاملے کی فوری تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دیکر حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ اخلاقی طور پر بیرون ملک جائیداد کے الزامات کے بعد حکومتی ارکان کو کابینہ سے الگ ہوجانا چاہئے، جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل کی جانب سے جائیداد سے متعلق اہم نقاط اٹھائے گئے ہیں، وکیل کی جانب سے بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات حاصل کرنے کے ذرائع بھی بتائے ہیں، سپریم کورٹ کا حکومتی ارکان کے بیرون ملک جائیداد اور ٹیکس سے متعلق فیصلہ بڑا واضح ہے، احتساب کے کرتا دھرتا بننے والے شہزاد اکبر سمیت کسی نے جائیداد اور شہریت سے متعلق اٹھنے والے سوالات کی تردید تک نہیں کی نہ ہی کوئی ثبوت پیش کر سکے ہیں۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ کابینہ میں بیٹھے لوگوں کے اثاثوں اور شہریت کے معاملے پر خاموشی معنی خیز ہے، کابینہ میں بیٹھے احتساب کے چمپئن بننے کی کوشش کرنے والوں پر نااہلی کی تلوار لٹکنا شروع ہوگئی ہے، الیکشن قوائد کے مطابق اثاثے چھپانہ جرم ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن فوری طور پر کابینہ ارکان کے بیرون ممالک جائیداد کے معاملے کا نوٹس لیکر چھان بین کرے، اس سے قبل وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت بھی کر چکے ہیں، کابینہ کی ہدایات کو نظرانداز کرنے سے اٹھنے والے سوالات اور خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ بیرون ممالک جائیداد پر اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لینے والے اب اپنی کابینہ میں بیٹھے لوگوں کی جائیداد کی تفصیلات سامنے لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں