بجٹ کے بعد مہنگائی‘22اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد:بجٹ کے بعد ملک میں مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگیا۔ اس حوالے سے ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.02 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہوا اور اب آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھ کر 1 ہزار 38 روپے ہوگئی۔ ادارہ شماریات نے مزید کہا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 11 روپے فی کلو اور انڈے 4 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔اسی طرح رواں ہفتے آلو کی قیمت میں ایک روپے 84 پیسے فی کلو اضافہ ہوا، سرخ مرچ پاؤڈر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، برائلر مرغی زندہ 4 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، تازہ دودھ، گوشت، چاول اور دہی بھی مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں ایل پی جی، پیاز، گڑ اور چائے بھی مہنگی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ایک ہفتے میں لہسن 13 روپے فی کلو سستا ہوا، کیلا 6 روپے فی درجن سستا ہوا، دال مونگ 5 روپے، دال مسور 3 روپے، دال ماش 3 روپے اور دال چنا 2 روپے فی کلو سستی ہوئی۔ جبکہ ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں