گلستان جوہر میں رینجرز پر حملے کے ملزمان کی تصاویر جاری

کراچی پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے گلستان جوہر میں سندھ رینجرز کی گاڑی پر دستی بم حملہ کرنے والے دو ملزمان کی تصاویر جاری کردی ہیں۔

10 جون کو گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب پنکچر کی ایک دکان پر کھڑی سندھ رینجرز کی موبائل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا تھا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی تھی جس کے بعد سی ٹی ڈی نے دونوں مشتبہ ملزمان کی خاکہ نما تصاویر تیار کرکے میڈیا کیلئے جاری کی ہیں۔

مذکورہ دونوں ملزمان کے حوالے سے اطلاع دینے کے لیے سی ٹی ڈی نے ایک فون نمبر 02199203430 بھی جاری کیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے تفتیشی افسر راجہ عمر خطاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی ان ملزمان کے بارے میں معلومات رکھتا ہو تو وہ مذکورہ نمبر پر تفتیشی ادارے کو آگاہ کرے۔

ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا اور ان کی گرفتاری میں مدد دینے والے شہری کو معقول انعام بھی دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں