نجی تنظیم اور بلوچستان اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کا معاہدہ
کوئٹہ (آن لائن) پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (PAGE) اور بلوچستان کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (SED) نے 8 ستمبر 2023 کو ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے، جس کا مقصد بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ فجر رابعہ پاشا اور سیکرٹری تعلیم جناب عبدالرو¿ف بلوچ نے ایک ساتھ اس مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو باضابطہ شکل دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے بلوچستان میں لڑکیوں کی خواندگی کو آگے بڑھاناہے اس موقع پر ایس ای ڈی کے ایڈیشنل سکریٹری جناب سمیع اللہ، ایس ای ڈی سے جناب حیدر خان اور پروگرام منیجر-پیج محترمہ شائستہ بھی موجود تھیں۔ ایم او یو میں شرائط و ضوابط کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جب کہ سرکاری اسکولوں میں اسکول سے باہر یا چھوڑے جانے والے بچوں کے اندراج اور انہیں برقرار رکھنے کی کوشش میں دونوں فریقوں کے کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس وقت، پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (PAGE) وسائل کو متحرک کرنے، پالیسی کی سطح پر مداخلت، اسکول سے باہر بچوں (خاص طور پر لڑکیوں) کی شناخت اور ان کا اندراج، اور متاثرہ علاقوں میں اقدامات کو نافذ کرنے کے ذریعے بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو بڑھانے میں سرگرم عمل ہے۔ اس تعاون کے ساتھ، PAGE اور محکمہ سکول ایجوکیشن دیگر مداخلتوں کو شروع کرنے اور ان کا آغاز کرنے کے لیے مختلف اختیارات بھی تلاش کریں گے۔ ان میں اساتذہ کی دستیابی کو بہتر بنانا، تعلیمی نظام میں بچوں کی شمولیت کو بڑھانا، غیر فعال سرکاری اسکولوں کو بحال کرنا، اور اساتذہ اور طلباءدونوں کے لیے ضروری تعلیمی سامان کی فراہمی شامل ہوسکتی ہے۔


