کوئٹہ،قلعہ عبداللہ میں قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ:قلعہ عبداللہ کے علاقے میں تشدد کے بعد قتل کی جانے والی بی بی عارفہ کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کیلئے ہفتہ کو سیاسی و قبائلی شخصیات اور سول سوسائٹی کی جانب سے عظیم کاکڑ، پروفیسر رازق،شبیر ننگیال،عظمت کاکڑ کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر بی بی عارفہ کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عظیم کاکڑ، پروفیسر رازق،شبیر ننگیال،عظمت کاکڑ اوردیگر نے کہا کہ بی بی عارفہ ولد عبدالرزاق کو انصاف دلانے کیلئے تمام اداروں کے پاس جائیں گے اور امید رکھتے ہیں کہ ورثاء کوانصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ کے علاقے دوبندی میں بدترین تشدد کے بعد برشو سے تعلق رکھنے والی بی بی عارفہ کو جاں بحق کیا گیا تدفین کے موقع پر اہل خانہ نے تشدد کے نشانات دیکھ کر پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا جس میں بی بی عارفہ پرتشدد واضح ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک بی بی عارفہ کے قتل میں ملوث اسکے سسر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ شوہر تاحال فرار ہے ہم وزیرداخلہ اور آئی جی پولیس سے اپیل کرتے ہیں کہ بی بی عارفہ کے قتل میں ملوث اسکے شوہر کو جلد گرفتار کیا جائے تاکہ ورثاء کو انصاف مل سکے ہمیں امید ہے کہ حکومت ورثاء کو انصاف کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ 22جون کو صبح 9بجے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اورایک ریلی نکالی جائے گی جو بلوچستان ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرائے گی عوام،سیاسی و قبائلی رہنما اورسول سوسائٹی احتجاجی مظاہرے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں