نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو چلانے کیلئے چین کے زیر اہتمام افسران کا تربیتی کورس مکمل
گوادر (نامہ نگار) نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو چلانے کیلئے چین کے زیر اہتمام آپریشن، مینجمنٹ، سکیورٹی، انجینئرنگ اور مکینیکل ورک کے شعبے سے وابستہ افسران کے لئے تربیتی کورس کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ نیو گوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ رواں ماہ کے آخر میں آپریشنل ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس منصوبے کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا تربیتی کورس ہے جس کا مقصد سرکاری افسران کو تکنیکی، انتظامی اور انتظامی مہارت کو بہتر بنانے کیلئے باضابطہ تربیت دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تربیتی کورس کے انعقاد کے عمل میں آنے والے تمام اخراجات چین نے برداشت کئے ہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیادہ تر افسران نے آپریشن، مینجمنٹ، سکیورٹی ، انجینئرنگ اور مکینیکل ورک کے شعبے میں کورس مکمل کیا ہے۔27 جولائی کو سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ( بی آر آئی) کی دسویں سالگرہ کے موقع پر سی پیک کے اعلی ترجیحی منصوبے گوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ شہباز شریف نے ہوائی اڈے کے ایئر بیس انفراسٹرکچر کی تکمیل کا افتتاح کیا جس میں رن وے ، ٹیکسی وے اور ایپرن شامل ہیں۔نیوگوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ کوسی پیک کے فریم ورک کے تحت چین اور پاکستان کے درمیان ایک سنگ میل کا قرار دیا گیا ہے جس نے فضائی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کی کہانی کو فروغ دیا جو ابھرتے ہوئے لاجسٹک مرکز اور علاقائی اور بین الاقوامی رابطوں کا مرکز گوادر کی تقدیر بدل دے گا۔


